جودھ پور؍ 28 ؍دسمبر (آئی این ایس انڈیا)جودھ پور ضلع میں ایک گھر میں شوہر، بیوی اور 8 سالہ بیٹی کی لاش ملی ہے، جبکہ 5 سالہ بیٹے کی حالت تشویشناک ہے۔
خدشہ ہے کہ یہ تینوں ہی زہریلی اشیاء کے استعمال کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں،تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا کنبہ نے حادثاتی طور پر زہریلی اشیاء کھائی تھی، یا خود کشی کے ارادے سے زہریلی اشیاء کھالی تھی۔
پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ متعلقہ تھانہ انچارج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں مکیش (35)، اس کی اہلیہ خوشبو (30) اور 8 ماہ کی بیٹی سونالی شامل ہیں، جبکہ بیٹا بے ہوش ہے، اسے جودھ پور کے ایم ڈی ایم اسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا گیا ہے۔ اس وقت بچے کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مکیش نگانا منریل میں کام کرتاتھا،وہ آبائی طور پر ریاست جھارکھنڈ کے گریڈیہہ کا رہائشی تھا، ایسا لگتا ہے کہ اس کی موت زہریلی مادے کے استعمال کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پیر کی صبح جب گھر کا دروازہ نہیں کھلا تو آس پاس کے لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی، جب پولیس موقع پر پہنچی تو دروازہ توڑ کر اندرکا معائنہ کیا، تو تینوں کی لاش پڑی تھی، بچہ سائیڈ پر بے ہوش پڑاتھا۔
پولیس نے ایف ایس ایل ٹیم کو موقع پر بلایا، ایف ایس ایل کی ٹیم نے یہاں سے نمونہ جات حاصل کئے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان تینوں کی موت کے پیچھے کیا وجہ تھی۔